پی سی بی کوپی ایس ایل 6کے باقی میچز ابوظبی میں کروانے کی منظوری

اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک):پی سی بی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز ابوظبی میں کروانے

کی مکمل منظوری مل گئی،پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے باقی میچز ابوظبی میں کروانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے تمام معاملات پر مکمل منظوری مل گئی ہے۔ پی سی بی چھ فرنچائز مالکان کے ساتھ مل کر ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دے گا جس کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ابوظبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں، جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت، ان کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں، جنہوں نے ایونٹ کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو تیزی سے حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائئے گی، جس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی۔