بیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑی رقم ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے مسئلے جلد حل کرنے کا یقین دلایا

اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے کہا کہ پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑی رقم ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشایے میں خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ ‘میں آج پاکستان میں بہت خوش ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور برادرملک رہے ہیں، ہم نے مشکل اور سازگار حالات میں مل کر کام کیا ہے’۔

باہمی تعاون کو جاری رکھنے کا عزم کرتےہوئے انہوں کہا کہ ‘ہم اسی تعاون کو جاری رکھیں گے خاص کر پاکستان کا عظیم قیادت کے ساتھ بہترین مستقبل ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ برس 2018 میں پاکستان کی جی ڈی پی 5 فیصد تھی، پاکستان کو مستقبل قریب میں بہت اہم ملک سمجھتے ہیں اور آپ اس کا حصہ ہوں گے، ہمیں انتظار ہے کہ ہمارے شراکت ہوں گے اور بہت ساری چیزیں ساتھ کریں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیا ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ یہ سرمایہ کاری 20 ارب ڈالر مالیت کی ہے اور پہلے مرحلے کے لیے یہ بہت بڑی رقم ہے اور ہر مہینے اور ہرسال کے ساتھ بڑے نمبرز کے ساتھ بڑھتی جائے گی اور دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگی۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم نے سیاحت پر بات کی ہم چند دنوں میں ایک تعداد میں سیاحوں کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، آج ہمارے پاس 18 ملین سیاح ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ 50 ملین سیاحوں کی تعداد کو کامیابی سے عبور کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 15 سے زائد برسوں میں سعودی عرب کے لیے 100 ملین سیاحوں کا ہدف حاصل کرنا آسان ہے کیونکہ ہمارے پاس تاریخی ورثہ، قدرتی مناظر، عظیم لوگ، انفراسٹرکچر اور استحکام سمیت ہمارے پاس سب کچھ ہے اور اس حوالے سے سرمایہ کاری کے مواقع بھی ہیں۔

پاکستان میں سیاحت کے لیے اسی طرح کی چیزوں کی موجودگی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں بھی اسی طرح کی چیزیں معاشی، سیاسی اور سلامتی ہے اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ سعودی عرب اور پاکستان کو شاندار مستقبل دیں گے اور ہمارے خطے کے لیے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اپنے خطے پر یقین رکھتے ہیں اس لیے سرمایہ کررہی ہیں اور ایک دن عظیم مشرق وسطیٰ بنے گا اور مشرق میں پاکستان ہوگا’۔