پاکستان نےبھارت سے اپنے ہائی کمشنرکوواپس بلا لیا

پاکستان نے بھارت میں تعینات ہائی کمشنر سہیل محمود کو واپس بلا لیا۔

اسلام آباد( ویب ڈیسک )ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مختصر بیان کے مطابق پاکستان نے بھارت میں اپنے ہائی کمشنر سہیل محمود کو مشاورت کیلئے اسلام آباد واپس طلب کرلیا ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ ہائی کمشنر سہیل محمود صبح دہلی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ ہائی کمشنر کی طلبی کا مقصد مشاورت کرنا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے تواتر سے الزام تراشی اور پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان سے اپنا ہائی کمشنر واپس بلا لیا تھا، جب کہ اسلام آباد کے بھارتی سفارت خانے میں تعینات دفاعی اتاشی بریگیڈیئر سنجے وشواس راؤ کو بھی بھارت بلا لیا گیا ہے۔

 

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حملے کے فورا بعد ہی بغیر تفتیش اور تحقیقات کے بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا گیا تھا، جب کہ جمعہ کو نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنرکو طلب کرکے بھارت نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ 

پلوامہ حملے کے بعد وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے سیکیورٹی اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہر ممکن سفارتی اور اقتصادی دباؤ بنایا جائے گا۔