ملک میں بجلی کی پیداوار 17ہزار اور طلب 19ہزار میگا واٹ ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک)اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 17ہزار میگاواٹ اور بجلی کی طلب 19ہزار میگا واٹ ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال دو ہزار میگا واٹ ہے۔ 

 ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی نجی پاور پلانٹس اور سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے آرہی ہے، جبکہ تقریباً 3500میگاواٹ بجلی واپڈا سے حاصل ہو رہی ہے،جبکہ باقی ماندہ بجلی نیوکلیئر پاور پلانٹس سے حاصل کی جارہی ہے۔
دوہزار میگا واٹ شارٹ فال کی وجہ سے ملک میں ایک سے دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت نے ٹیوب ویلز کی مد میں بجلی کا بل 350ارب روپے وفاقی حکومت کو ادا کرنے ہیں۔ کے الیکٹرک نے بھی تقریباً350ارب روپے کے قریب رقم وفاقی حکومت کوادا کرنی ہے، جبکہ صوبائی حکومتوں اور وفاقی اداروں نے بھی 100ارب روپے سے زائد بجلی کے بقایاجات وفاقی حکومت کو ادا کرنے ہیں۔
حکومت کے مطابق جن علاقوں میں بجلی کے لائن لاسز بہت زیاد ہ ہیں وہاں زیادہ لوڈشیڈنگ ہو گی جبکہ جن علاقوں میں لائن لاسز نہیں ہیں وہاں 24گھنٹے میں ایک منٹ بھی بجلی نہیں جاتی۔ بجلی ان علاقوں میں جاتی ہے جہاں پر لوگ بجلی کا بل ادانہیں کرتے اور فیڈرز بہت زیادہ نقصان میں ہیں۔