
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ
سے بین الاقوامی منڈیوں میں روزمرہ استعمال کے اشیا بالخصوص خوردنی تیل، چینی، چائے اورآٹےکی قیمتوں میں اضافہ ہواہے، مقامی صارفین پر اسکے اثرات کو کم کرنے کیلئے حکومت رمضان سہولت/سستابازاروں اوریوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے نیٹ ورک کے ذریعہ شہریوں کوبنیادی ضرورت کی اشیا کی فراہمی کیلئے جامع کوششیں کررہی ہیں، حکومت کارٹیلائزیشن کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے یہ بات پیرکویہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، خوردنی تیل وگھی، دالیں اورچکن کی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا۔
سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کوبتایا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں 7 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 26 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق سیدفخرامام نے کمیٹی کو صوبوں اورپاسکو کی جانب سے گندم کی خریداری اورجاری سال میں مناسب قیمت پرگندم کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے اقدامات اورصورت حال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری کے حوالہ سے پنجاب باقی صوبوں سے آگے ہے۔سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے کمیٹی کوبتایا کہ سٹریٹجک ذخائر میں اضافہ اورملک بھرمیں گندم کی سہل اندازمیں فراہمی کویقینی بنانے کیلئے 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کیلئے سمری ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔














