
لاہور( رنگ نو تجارت ) ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے مطالعاتی مشن نے ہرمین سونیولڈ کی سربراہی میں لاہور چیمبر آف کامرس کے
صدر عرفان اقبال شیخ ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے ملاقات کی اور پاکستان کی معاشی ترقی ، کاروباری ماحول، پیشہ وارانہ تعلیم ، صنعت اور تعلیمی شعبے کے روابط سمیت دیگر کئی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔
مین سونیولڈ نے کہا کہ ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے ہمیشہ اپنے ترقی پذیر ممبر ممالک کی معیاری تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کی ہے۔ ان ممالک میں موجود ٹریننگ اینڈ سکلز ڈیویلپمنٹ سسٹم کو عالمی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں سے پوری طرح آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی مختلف مسائل کے حل کیلئے پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے مگر ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اداراتی اصلاحات بھی ضروری ہیں ۔
صدرلاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے پاکستان کی معاشی ترقی خصوصا پاور سیکٹر کی بحالی میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی1966سے جاری خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیم اور تربیت کے شعبے میں اپنے مقصد کے حصول میں پنجاب حکومت کی مدد کرنے کے لئے اے ڈی بی کی جانب سے دلچسپی قابل تحسین ہے۔














