
اسلام آباد (ویب ڈیسک) معیشت کو استحکام دینے کے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان ا سٹاک مارکیٹ دنیا کی
تیزی سے ترقی کرتی ا سٹاک مارکیٹوں میں سرفہرست آ گئی۔ یہ بات مالیاتی، سافٹ ویئر، ڈیٹا اور میڈیا کی معروف امریکی کمپنی بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کی بڑھوتری کی شرح میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔
اس فہرست میں آئرلینڈ کی سٹاک مارکیٹ 20 فیصد اور رشین آر ٹی ایس انڈکس 15 فیصد اضافہ کے بعد بالترتیب دوسری اورتیسری پوزیشن پرہے۔ بروکرایج کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس مدت میں پاکستان ا سٹاک مارکیٹ میں اتنی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔خادم البخاری سیکورٹیز پرائیویٹ کے منیجنگ ڈائریکٹراے اے ایچ سومرونے بلومبرگ کو بتایا کہ گزشتہ سال اگست میں پاکستان سٹاک مارکیٹ 5 برسوں کی کم ترین سطح پر تھی تاہم حکومت کی جانب سے معیشت کے استحکام کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے نتیجہ میں اب سٹاک مارکیٹ میں تیزی آرہی ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تعاون نے بھی اس ضمن میں کرداراداکیاہے۔انہوں نے بتایا کہ بینک اپنی حکمت عملیوں میں تبدیلی لارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آنیوالے دنوں میں سٹاک مارکیٹ کی صورتحال مزید بہتر ہوجائیگی۔














