
اسلام آباد (ویب ڈیسک)چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ ا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کسٹمز نے تمام
ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت کیلئے رسک مینجمنٹ نظام شروع کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق کیا گیا تاکہ کسٹمز بارڈر مینجمنٹ کو مربوط بنایا جائے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ مسافروں کی شناخت کا یہ نظام ملک کے سات بڑے ایئر پورٹس پر شروع کیا گیا ہے جس کیلئے کسٹمز کے عملہ کو بہترین تربیت دی گئی ہے، اس شناختی نظام کو امریکی کسٹمز کے ادارہ اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے تکنیکی تعاون سے متعارف کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت مسافروں کی پیشگی شناخت ممکن ہو گی اور اسے چیف ایکشن پلان کے لائحہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس کی بدولت مسافروں، ڈرگ سمگلرز اور منی لانڈررز میں تفریق ہو سکے گی اور ڈرگ اسمگلر اور منی لانڈرر پکڑا جا سکے گا۔




































