مہنگائی میں اضافہ، ملک میں جون کے دوران شرح 8.59فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک بھر میں گزشتہ ماہ جون 2020 کے مہینے میں ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق جون 2020

میں مہنگائی 8.59 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ مئی میں یہ شرح 8.2 تھی اور جون 2019 میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مالی سال 2019-20میں مہنگائی کی شرح 10.74 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق جون میں انڈوں کی قیمت میں 21.7، ٹماٹر کی قیمت میں 13 فیصد، آٹا 12 فیصد، گندم 10.83 فیصد، مصالحہ جات 5.4 فیصد اور سبزیاں 4 فیصد مہنگائی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون میں سالانہ بنیاد پر شہر ی علاقوں میں آلو 72 فیصد، دال مونگ 71 فیصد، دال ماش 46 فیصد، انڈے 44 فیصد، دال مسور 34 فیصد، گندم کا آٹا 24 فیصد، مصالحہ جات 29 فیصد،گھی 24 فیصد، ٹماٹر 13.9، کوکنگ آئل 20 فیصد جب کہ فرنیچر کا سامان 10 فیصد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق اس کے علاوہ ایک سال میں گیس 54 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ ایک سال میں تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں 12 فیصد ریکاڈ کیا گیا ۔