سیاسی ماحول مناسب،مگروطن واپسی کاارادہ نہیں،پرویز مشرف

 اسلام آباد( ویب ڈیسک )آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ اور جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا ہے

پاکستان میں سیاسی ماحول ان کی واپسی کے لیے مناسب ہے تاہم ان کا ابھی وطن واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

دبئی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے سابق صدر نے ایک سوال پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں زیادہ تر افرادان کے ہیں، تاہم یہ ’غیر معمولی‘ ہوگا کہ حکومت سے گزارش کروں کہ ان کا کیس عدالت میں دائر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں سیاسی ماحول سازگار اور بہتر ہے، آدھے سے زیادہ وزیر میرے ہی ہیں، وزیر قانون اور اٹارنی جنرل میرے وکیل تھے‘۔

اے پی ایم ایل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میرا ملک ہے، میرے دوست اور رشتہ دار وہیں ہیں میں وہاں ضرور جاؤں گا، تاہم ابھی میں بے وقوفوں کی طرح فوری نہیں کود سکتا میں ایک حکمت عملی کے تحت پاکستان جاؤں گا‘۔

مجنرل مشرف جو خود ساختہ جلا وطنی کے بعد دبئی میں قیام پذیر ہیں نے ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو ’لٹیرے‘ قرار دیا۔

انہوں نے خصوصی طور پر آصف علی زرداری پر تنقید کی اور الزام لگایا اور کہا کہ وہ متعدد ’قتل اور اغوا برائے تاوان‘ کے کیسز میں ملوث ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس کے نزدیک تقریباً 40 گھروں پر انتہائی کم قیمت پر قبضہ کیا۔

انہوں نے میڈیا کو تجویز دی کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے خلاف کام کریں جنہوں نے ان کے مطابق ’ملک کو تباہ کردیا ہے‘۔

پریس کانفرنس کے دوران پرویز مشرف نے اپنی جماعت کے چیئرمین ہدایت اللہ خیشجی کو متعارف کرایا جن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اے پی ایم ایل میں تنظیم نو کا کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیماری کے حوالے سے باتیں کی جارہی ہیں اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ اے پی ایم ایل ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی صحت بہتر ہورہی ہے اور وہ جنوبی افریقہ کے ٹرینر کے ساتھ جم میں روزانہ کی بنیاد پر ورزش کر رہے ہیں۔

پرویز مشرف، جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت کا خاتمہ کرتے ہوئے ملک پر 9 سال حکمرانی کی، کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کا اصل مقصد نواز شریف اور آصف علی زرداری کو سیاست سے باہر کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی ایم ایل ان کو سیاست سے باہر کرنے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔

سابق فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی حمایت کرتی ہے جو ملک میں ’تیسری قوت‘ بن کر ابھری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ہٹانے کے لیے اگر کوئی بھی اقدامات کیے گئے تو ان کی جماعت تحریک انصاف کا ساتھ دے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران سابق صدر نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان اتحاد کو توڑنے کی ضرورت ہے اور پاکستان ایسا بہت آسانی سے کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں ہندو اور یہودی لابی بہت مضبوط ہے اور بدقسمتی سے بین الاقوامی برادری میں بھارت کی سنی بھی جاتی ہے۔

جنرل مشرف نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل، پاکستان سے تعلقات قائم کرنا چاہتا تھا۔

پاکستان اور اسرائیل کے وجود کو لاحق خطرات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے لیے اپنے دور حکومت میں کیے گئے اقدامات یاد دلائے۔