بھارتی دھمکی نئی بات نہیں ،آصف زرداری

اسلام آباد:سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے چئیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ

بھارتی دھمکی پاکستان کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے،پاکستان کو اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہے،او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں جانا چاہئے تھا،مگر جمہوری سیاست دان ہونے کے ناطے اس فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔ وزیرخارجہ کو خطے کے رہنماؤں سے بات کرکے پاکستانی موقف پیش کرنا چاہئے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ کے اسکارڈن لیڈر حسن محمود کو بھارتی طیارے گرانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ او آئی سی سے نہیں ہٹنا چاہئے۔ بھارت سپر پاور بننا چاہ رہا ہے، او آئی سی کے جتنے ملک ہیں ،سب پاکستان کے دوست ہیں، ان سے مذہبی اور تاریخی مراسم ہیں، پاکستان کو خطے کے ممالک سے  تعلقات نہیں ختم کرنے چاہئے،رابطے میں رہنا چاہئے،بات چیت جاری رہنی چاہئے۔

آصف زرداری نے کہا کہ قوم اور سیاست دان جذباتی ہیں، جنگیں فوج کے ساتھ عوام بھی لڑتی ہے،پاکستان قوم اپنے دوستوں اور بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں مگر یہ آخری فیصلہ ہوگا۔ نریندر مودی کا ایڈونچر انتخابی ڈھونگ تھا، اللہ نے پاکستان کو سرخ رو کیا اور پاکستان کی عزت افزائی ہوئی۔

انھوں نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا خیر مقدم کیا اور اس کو پاکستان کے تشخص کے لیے اہم قدم قرار دیا۔