
لاہور(ویب ڈیسک )بھارتی گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔
گرفتار پائلٹ کے ہمراہ بھارتی سفارت خانے کے عملے کے اہلکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئےتھے جبکہ جلو موڑ سے واہگہ بارڈر تک مختلف مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے
پاکستان میں تعینات بھارتی ائیر اتاشی بھی اپنے پائلٹ کے ہمراہ بھارت روانہ ہوگئے۔ بھارتی حکومت نے سرحد پر اپنی جانب پریڈ اور پرچم اتارنے کی تقریب منسوخ کرتے ہوئے بھارتی شہریوں کو شرکت سے روک دیا گیا،جبکہ پاکستان میں یہ تقریب معمول کے مطابق ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر ایئراتاشی کے حوالے کیا گیا، بھارتی پائلٹ کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت کے ساتھ قید میں رکھا گیا بعدازاں پائلٹ کو وزیر اعظم کےحکم پر امن کی علامت کے طور پر رہا کیا گیا۔





































