
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )جماعت اسلامی کراچی کےامیرحافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر ہاؤس کراچی
میں ملاقات کی۔ملاقات میں ڈاکٹرعافیہ کی رہائی،شہر میں پانی ،بجلی اورٹرانسپورٹ سمیت مختلف بلدیاتی مسائل و ترقیاتی منصوبوں،امن و امان کی صورتحال ،نیوزی لینڈ کے سانحےاوردیگرامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صدر مملکت ان امور پر اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔ وفد میں نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی،مسلم پرویز ، ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری شامل تھے۔
ملاقات کےبعد گورنر ہاؤس کےباہرحافظ نعیم الرحمن نےمیڈیا سےگفتگو کرتےہوئے کہا کہ صدر پاکستان سےملاقات میں ہم نے شہر کی موجودہ اور ابترصوتحال ،شہریوں کو درپیش بجلی ، پانی ،ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں ،قومی معیشت ، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اوراردو زبان کے نفاذ کے حوالے سے بات کی۔صدرمملکت نے ہماری گزارشات کوتوجہ سے سنا اوراپنا مثبت کردارادا کر نے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے ،ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے،جماعت اسلامی کراچی کی ایک اہم سیاسی جماعت ہے۔سندھ حکومت اپنے مفادات کیلئے تو سرگرم ہو جاتی ہے،لیکن عوام کے مسائل کے حل کے لیے کچھ کرنے کوتیارنہیں ہے،کرا چی میں گرین لائن بس سروس سمیت دیگر منصوبوں کوفی الفور مکمل کیا جائے،
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کو صرف ایک واقعہ کا رنگ دے رہا ہے،اگر کوئی مسلمان ایسے واقعہ میں ملوث ہوتا تو دنیا میں شور مچ جاتا اور اس کو جواز بنا کر مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے جاتےاورمیڈیا وار شروع کر دی جاتی ، حکومت اوردنیا کے سامنےدہشت گردی کی تعریف کو واضح کرے۔
انہوں نےکہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نظام ہوناچاہیے۔کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے،جس سے شہر کی رونقیں دوبارہ سے بحال ہوگئی ہیں۔














