
نیویارک(خبرایجنسی)اقوامِ متحدہ نے جیشِ محمد کےسربراہ مسعود اظہرکو دہشت گردقراردیتے ہوئے ان کا نام عالمی
دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے،جبکہ ان کے تمام اثاثے بھی منجمد کردیئے گئےہیں۔
قبل ازیں امریکا نےمولانامسعود اظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کےلئے قرارداد کا مسودہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے اراکین میں تقسیم کیا گیا تھا۔
میڈیارپورٹس کےمطابق سلامتی کونسل کی ویب سائٹ پرجاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی کونسل کمیٹی نے دہشت گرد تنظیموں داعش، القاعدہ، ان سے منسلک افراد،گروپ اوراداروں سے متعلق قراردادوں 1267 (1999)، 1989 (2011) اور 2253 (2015) کے مطابق مسعود اظہر کا نام پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی ۔واضح رہے کہ امریکا کے مسلسل مطالبے پر چین نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی کمیٹی کی جانب سےمسعود اظہر پر پابندی سے متعلق رکاوٹ سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیا تھا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوہانگ نے بیجنگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کمیٹی میں فہرست کے معاملے کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب سے زیادہ اراکین کی رائے ہے، دوسرا یہ کہ کمیٹی کے اندر ہی متعلقہ معاملے پر مشاورت جاری ہے اور کچھ پیش رفت بھی ہوئی ہے، تیسرا یہ کہ میرا ماننا ہے کہ تمام فریقین کی مشترکہ کوششوں سے یہ معاملہ مناسب طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے،
ادھر بھارت 2016 سے مسعود اظہر کا نام پابندی کی اس فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا، لیکن اس کے مطالبے نے اس وقت زور پکڑا تھا جب رواں سال 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارت کی سینٹرل پولیس ریزرو فورس پر حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا
اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کے مستقل اراکین امریکا، برطانیہ اور فرانس نے بھارتی قرارداد کی حمایت کی تھی لیکن چین نے چوتھی مرتبہ تکنیکی طور پر اس کو روک دیا تھا۔














