
پشاور(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ ملک کو چلانے کیلئےاسی قوم سے پیسہ اکٹھا کر کےدکھاؤں
گا،ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ گیس ذخائر کے بارے میں آئندہ ہفتے پتہ چل جائیگا۔
شوکت خانم پشاور کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ قوم شوکت خانم کو ہر سال پچھلے سال سے زیادہ پیسے دیتی ہے۔ملک میں غریب سے غریب لوگ بھی خیرات میں پیسے دیتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کہ شوکت خانم میں 75 فیصد کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے۔ 90 فیصد پاکستانی کینسر کے مرض کا علاج نہیں کرا سکتے۔ 30 سال پہلے جب اس سفر پر نکلا تو سب نے کہا ہسپتال نہیں بن سکتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کے لیے ریفارمز لا رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں کیخلاف ایک مہم چل رہی ہے۔ پشاور میں چند ڈاکٹرز بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کے لیے نئی مینجمنٹ سسٹم لانا چاہتے ہیں۔ یہ مینجمنٹ سسٹم بالکل شوکت خانم ہسپتال جیسا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی پرائیوٹائزیشن نہیں کی جا رہی۔ جانتا ہوں کہ سیاسی لوگ ڈاکٹرز کے پیچھے ہیں، سرکاری اسپتالوں کے معاملے پر دبائو میں نہیں آئیں گے۔ وزیراعلی محمود خان کو کہہ دیا ہے ڈاکٹرز سے بات چیت کریں، اپنے نظریہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے گیس کا اتنا بڑ ذخیرہ ملے کہ آئندہ 50 سال کے لیے گیس کی کمی پوری ہو جائے۔ گیس کے ذخائر کے بارے میں آئندہ ہفتے پتہ چل جائے گا۔دوسری طرف ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام قبائلیوں کے پرانے نظام سے ملتا جلتا ہے۔ بلدیاتی نظام کے ذریعے ہر گائوں اپنے فیصلے خود کریں گے۔














