خواہش ہے ملک بھرکے تھانے لوگوں کو تحفظ فراہم کریں،وزیراعظم

چکوال(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نےکہا ہےکہ ان کی خواہش ہے کہ ملک کے تمام تھانے لوگوں کو تحفظ فراہم کریں اور ملک کا

ہر شہری تھانے آنے میں خوف محسوس نہ کرے اور نیا پاکستان اس وقت بنے گا جب لوگ بے خوف ہوکر تھانوں میں آئیں گے۔

وہ تھانہ سٹی تلہ گنگ کے اچانک دورے کے دوران ایس ایچ او تھانہ سٹی تلہ گنگ خاور سعید سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے ایس ایچ او سے ان کی مشکلات پوچھیں تو ایس ایچ او نے بتایا کہ 24گھنٹے ڈیوٹی ہے کھانے پینے کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں۔

وزیراعظم نے پھر پوچھا کہ یہاں پر کس قسم کا جرم زیادہ ہےتو ایس ایچ ا و نے بتایا کہ دیہاتوں میں لڑائی مارکٹائی کے واقعات ہیں، شہروں میں چیک ڈس آنر ہونے کے مقدمات زیادہ ہیں۔

وزیراعظم نے تھانے میں موجود بیسیوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے کھڑے ہونے پر انہوں نے استفسار کیا کہ یہ کیا ہے۔ جس پر انہیں بتایا گیا کہ یہ زیادہ تر موٹر سائیکل قسطوں پر حاصل کی گئی ہیں او رقسطیں ادا نہیں ہوئی اور انہیں تھانے میں بند کردیاگیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان ہفتے کی سہ پہر کو جب تلہ گنگ اسپتال پہنچے تو وہاں پر ہسپتال کی انتظامیہ کو کوئی خبر تک نہ تھی، وزیراعظم نے تمام وارڈز کا خود معائنہ کیا۔وزیراعظم کی آمد کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر حسنین کاظمی نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں اسپتال کے مختلف شعبے دکھائے۔

وزیراعظم نے وہاں پر موجود مریضوں سے ان کے مسائل معلوم کیے۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے تلہ گنگ پہنچے تھے۔وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کیلئے کوئی مخصوص جگہ نہیں تھی اور اس کو اسپتال کے قریب ہی اتارا گیا۔