شہباز شریف کو این آر او کی بھیک مانگتے دیکھا،شیخ رشید

لاہور(ویب ڈیسک)  وزیر ریلوے شیخ رشید احمد دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف این آر او کے ذریعے ملک سے بھاگے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے  کہا کہ شہباز شریف کو این آر او کی بھیک مانگتے دیکھا ہے اور پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ شہباز شریف این آر او کے ذریعے بھاگے ہیں۔

انہوں نے کہا  اندر سے نواز اور آصف زرداری ملے ہوئے ہیں، آصف زرداری سوچتے ہیں کہ شہباز جا سکتے ہیں تو وہ کیوں نہیں۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید نے کہا شاہد خاقان سب سے زيادہ شور مچا رہے ہیں، جب ایل این جی کی نئی قیمتیں سامنے آئیں گی تو سب کچھ سامنے آ جائے گا۔

چیئرمین نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا آڈیو، ویڈیو چھوڑیں، ان لوگوں کی چیخيں سنیں۔انہوں نے کہا اپوزیشن چاہتی ہے کہ موجودہ چیئرمین نیب جائیں تاکہ ان کے خلاف ریفرنسز دائر نہ ہوں ، قبل از وقت انتخابات ملک کی بنیادیں ہلا دیتے ہیں ،اس لئے الیکشن، الیکشن کی بجائے ٹی وی، ٹی وی ہی کھیلیں۔

شیخ رشید نے کہا  آصف زرداری کی بہن وزیر صحت ہے اور سندھ میں ایڈز کا مرض پھیل رہا ہے، لاڑکانہ میں ایڈز کیسز پر انہیں استعفی دینا چاہئے

آئی ایم ایف سے قرض لینے سے متعلق سوال پر وزیر ریلوے نے کہا آئی ایم ایف کے پاس جانا حکومت کی مجبوری ہے لیکن ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ گینگ آف فور ہے۔

بھارتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا مودی کے دوبارہ وزیراعظم بننے پر پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا کیونکہ مودی پاکستان کو اندر سے توڑنا چاہتا ہے۔