یوم شہادت حضرت علیؓ انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا

کراچی( ویب ڈیسک )ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی حضرت علیؓ کایوم شہادت  انتہائی عقیدت واحترام کےساتھ منایاگیا،اس

سلسلےمیں کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سےبرآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہوا۔

یوم علیؓ کی مناسبت سے جلوس، مجالس ، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت عل کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

کراچی میں جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ پہنچاجہاں نماز ظہرین ادا کی گئی جلوس پیپلزسیکریٹریٹ سے لائنز آیا،کوریڈور تھری سے ایمپریس مارکیٹ پہنچااور پھر وہاں سے اپنے مقررہ راستوں صدر ریگل چوک سے تبت سینٹر اورجامعہ کلاتھ، سٹی کورٹ، ڈینسو ہال، لائٹ ہاوٹ او ر بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارا در پر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔جلوس میں داخلے کیلئے مخصوص راستے بنائے گئے تھے شرکاءکو جامع تلاشی کے بعد ہی شامل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔

۔جلوس کے اختتام کے بعد لائنز ایریا سے پولیس نے خودکش جیکٹ برآمد کرنے کا دعوی کیا ،ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق مذکورہ جیکٹ یوم علی کے جلوس کے موقع پر جلوس کوٹارگٹ کرنے کے لئے استعمال کی جانی تھی،جیکٹ کا وزن6کلو ہے جسے موقع پر ناکارہ بنا دیا گیا ،اس میں بارود کے علاوہ نٹ بولٹ کا استعمال کیا گیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا تھا۔

عامر فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے کراچی شہر کے امن کو خراب کرنے کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا ،20مشتبہ افراد کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کردی گئی ہے۔