اسلام آباد( ویب ڈیسک ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے
والوں نے فوجی چیک پوسٹ پرحملہ کیا۔قومی سلامتی کو دا ؤپر لگانے والوں اور پاک فوج کے خلاف بولنے والوں سے کوئی ریاعت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برا ئے طلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے شمالی وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کی مذ مت کی اور واقعہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
پاکستان نے قبائلی علاقوں میں امن کے قیام کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نے قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے 102 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ، شرپسند عناصر قبائلی علاقوں کے امن کو دائو پر لگارہے ہیں۔ وزیراعظم نے قبائلی علاقوں میں جاکر عوام کو گلے لگایا مگر کچھ افرادنے قبائلیوں کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے کی کوشش کی اس پر کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ قبائلی عوام کی تمام بنیادی ضروریات ان کے حقوق، ان کے جان مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستانی پرچم کی توہین کرنے اور ملکی سلامتی کو دائو پر لگانے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔ شرپسند عناصر بیرونی ایما پر شمالی وزیرستان میں انتشار پیدا کررہے ہیں، ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس ہوگی ۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اب تک کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی، اب تک کے کابینہ اجلاسوں کے دوران 819 فیصلے کیے گئے۔ کابینہ فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متعلقہ وزراء کو ہدایت جاری کی گئی ۔ وزیراعظم نے انٹرنیٹ کے غلط استعمال سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام کیلئے خصوصی ہدایت دیں ۔














