
بشکیک( ویب ڈیسک )وزیراعظم پاکستان عمران خان نے روس سے ہتھیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور
روس کی افواج پہلے ہی رابطے میں ہیں۔
روس کےسرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ان کی روس کے صدر ولادی میر پیوٹن سے بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں ملاقات ہوگی،جس میں غیر رسمی گفتگو ہوگی۔
پاکستان اور روس کی افواج کےمابین مشترکہ جنگی مشقوں کے حوالے سوال پروزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں بہتری آئی ہے اور ان میں مزید بہتری کی امید ہے۔ 50، 60اور 70کی دہائی کا عرصہ سرد جنگ کی نذر ہوا۔ہے۔اس عرصے میں بھارت ، سوویت یونین کے قریب تھا اور پاکستان امریکی کیمپ میں تھا لیکن اب یہ صورتحال نہیں ہے،اب پاکستان اور بھارت دونوں کے ہی امریکا کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے روس کے ساتھ اپنے رابطوں میں بہتری پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔روسی ہتھیاروں بالخصوص ایس 400میزائل ڈیفنس سسٹم کی خریداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پروزیر اعظم عمران خان نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے بھارت کے ساتھ تناؤمیں کمی آئے گی تاکہ ہمیں ہتھیار خریدنے کی ضرورت ہی نہ پڑے کیونکہ ہم یہی پیسہ عوام ترقی پر خرچ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم روس سے ہتھیاروں کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں ، ہماری فوج پہلے سے ہی روسی فوج سے رابطے میں ہے۔














