
کراچی(رنگ نو ڈیسک ) سمندری طوفان’وایو ‘ کی رفتار کراچی سے 410 کلومیٹر دور پہنچ کر سست ہوگئی، تاہم کراچی میں بدستور گرمی برقرار ہے، چیف
میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کراچی میں سمندری ہوائیں اب بھی معطل ہیں اور شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، اچھی بات یہ ہے ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے باعث درجہ حرارت معمول سے زیادہ محسوس نہیں ہوگا، سائیکلون 4 سے 5 کلو میٹر کی رفتار سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کے پاکستان کی کسی بھی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سائیکلون آج اور کل برقرار رہے گا اور پھر سمندر میں ہی ختم ہوجائے گا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے رواں ماہ جون کے آخری ہفتے میں پری مون سون کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش برسانے والا کمزور سسٹم آج ہفتہ کو لاہور میں داخل ہوجائے گا، آج رات یا اتوار کے روز ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، سرگودھا،راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان ڈویژن بارش ہوسکتی ہے۔














