
اسلام آباد(ویب ڈیسک،فوٹو:فائل ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اجلاس
میں احتساب سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔
وفاقی کابینہ کے سامنے انکوائری کمیشن کے قیام کا معاملہ رکھا گیا،یہ انکوائری کمیشن ملک کی سمت کا تعین کرےگا،وزیراعظم نے کابینہ کو اپنی ذات سےمتعلق لیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا،
وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں اضافے سے متعلق خبر کی تردید آچکی ہے،ماضی میں وزیراعظم چادر سے زیادہ اپنے پاؤں پھیلاتے رہے، وزیراعظم کا جو استحقاق ہے اس کو عمران خان استعمال نہیں کر رہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبرنے کہاکہ ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغرانکوائری کمیشن کے سربراہ ہونگے،کابینہ نے حسین اصغر کو انکوائری کمیشن کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دی،میشن کے سربراہ کوکمیشن کےاندر کسی کوبھی ممبرلینے کا اختیار ہوگا۔کابینہ نے کمیشن آف انکوائری کی منظوری دے دی ہے،کمیشن آف انکوائری کے قیام کےبارے میں نوٹیفکیشن آج تک جاری ہوجائے گا،
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق نے کہاکہ شہباز شریف نے 45ارب روپیہ پنجاب میں صرف ذاتی تشہیر پر خرچ کیا ، قوم کو زہر کے ٹیکے لگا کر گئے اور آج کہہ رہے ہیں کہ قوم بدحال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہیلی کاپٹر ہوتے ہوئے اپنے وزیر اعظم کے بھائی کے جہاز پر سیر و تفریح کرتے رہے اور ان کے بچے بھی اس جہاز سے مستفید ہوتے رہے ، وزیر اعظم نواز شریف جب جنرل اسمبلی میں گئے تو ساتھ اپنی بیٹی اور نواسی کوبھی لیکر گئے اور آج اس حکومت کو اصلاح کا درس دے رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالا کے اندر جو حفاظتی دیوار بنائی ہے ، وہ اپنے پیسے سے بنائی ہے ، اس کے لئے حکومت کا ایک پیسہ بھی نہیں لیا گیا لیکن یہاں ایک پورا شاہی خاندان سرکاری خرچ پر پل رہا تھا ، آج پنجاب حکومت تنکا تنکا اکٹھا کرکے ، اس کی عیاشیوں کی قیمت ادا کررہی ہے ، کابینہ میں بتایا گیاہے کہ سیاسی قیدی کسے کہتے ہیں اور مجرموں کی حیثیت کیا ہے ؟
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کرپشن میں قید ہیں، وہ سیاسی قیدی کا لیبل لگاکر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ، ایک چوری اور اوپر سے سینہ زور ی کی جارہی ہے ، حکومت کو دباﺅ میں لانے کیلئے پارلیمنٹ کو یرغمال بناکر کہا جارہاہے کہ ہم بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے۔ آپ کون ہوتے ہیں بجٹ پاس نہ ہونے دینے والے، پارلیمنٹ میں ا سپیکر کویرغمال بناکر پروڈکشن کا اظہار کیا جاتارہاہے۔
،فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیر اعظم پر انگلیاں اٹھانے والوں کو آنکھیں نیچی رکھنی چاہئیں














