
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کافیصلہ کیا تو
انہیں ضرور گھرجانا پڑے گا۔ پی پی ارکان سینیٹ سوفیصد اے پی سی کے فیصلے کی پاسداری کریں گے۔، صوبائی خودمختاری کو غصب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ اے پی سی میں اس پر بات کریں گے،دھاندلی کی پیداوار حکومت دھاندلی سے بجٹ منظور کروانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرستان کی بجٹ سیشن میں نمائندگی نہیں ہے،عوام دشمن بجٹ منظور کیا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے،29جون کو پوٹھوہار میں احتجاجی جلسہ ہوگا، بلوچستان اورسندھ میں ٹڈی دل کی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے وفاق صوبوں کے ساتھ تعاون نہیں کررہا ہے،
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا 18ویں ترمیم کی منظوری میں کوئی کردارنہیں تھا۔ ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے نے عوام دشمن بجٹ کے حق میں ووٹ دیا تو یہ سندھ کے عوام کو بھی جوابدہ ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان اورسندھ میں فصلوں کے حوالے سے وبا پھوٹ پڑی ہے، کسان ، کاشتکار ، ہاری پریشان ہیں،وفاق کو ان کی پریشانی اور مشکلات کا کوئی احساس نہیں ہے ، ہاریوں کے اس مسئلے کو ہم بار بار اٹھا رہے ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری بھی بجٹ تقریر میں اس مسئلے کو اٹھا چکے ہیں
بلاول نے کہا کہ وفاق قدرتی آفت کے حوالے سے کسانوں کی مدد کیلئے نہیں آرہا فوری طورپر بلوچستان اور سندھ کے ہاریوں کیلئے 10ارب روپے جاری کیے جائیں یہ صرف صوبے نہیں بلکہ وفاق کی ذمہ داری کیونکہ سندھ ، بلوچستان کو قومی آفت کا سامنا ہے۔ متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔














