پروڈکشن آرڈر قانون میں ترمیم لانے کا فیصلہ

اسلام آباد( ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس میں اتفاق کیا گیاہےکہ منی لانڈرنگ اور

کرپشن میں ملوث ارکان کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونےچاہئیں،مجرموں کو جیلوں میں سیاسی قیدی کا پروٹوکول نہ دیا جائے۔کابینہ اجلاس میں حج پالیسی اینڈ پلان 2019 کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا جلاس منعقد ہوا،اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو اپنے رواں ماہ کے اختتام پر شیڈول دورہ امریکا کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نےبتایا کہ اس دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ قلیل وفد امریکا جائے گا جبکہ وزیراعظم امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں قیام کریں گے۔ کوئی شاہ خرچی نہیں کی جائے گی۔

 اس دوران وفاقی کابینہ نے حج پالیسی اینڈ پلان 2019 کی منظوری بھی دی۔کابینہ نےسعودی عرب کی جانب سے موصول ہونے والے تقریبا 6 ہزار عازمین حج کے کوٹے کی قرعہ اندازی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے یہ تجویز بھی دی کہ پروڈکشن آرڈر کے قانون میں ترمیم کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ارکان پروڈکشن آرڈر کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں، کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر نہیں ہونے چاہئیں۔

کابینہ اراکین نے وزیراعظم کی تجویز سے اتفاق ظاہر کیا جس کے بعد حکومت نے پروڈکشن آرڈر قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا،مذکورہ تجویز کو وزارت قانون کی جانب بھجوادیا گیا ہے جو اس پر قا نون سازی کا مسودہ تیار کرے گا جبکہ اسے کابینہ کے ائندہ اجلاسوں کے دوران پیش کیا جائے گا۔۔سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی، تاہم اس حوال سے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔