
اسلام آباد (ویب ڈیسک )معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ویڈیو دکھا کر قوم کو گمراہ کرنے
کی کوشش کی ۔اس طرح کی ویڈیو ریکا رڈنگ غیر قانونی ہے۔ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا تب ہی حقیقت سامنے آئے گی ۔
پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر نے ایک ٹیپ لےکر مارکیٹ میں بیچنے کی کوشش کی تاکہ لوگوں کی ہمدردیا ںسمیٹی جائیں لیکن یہ ان کی ناکام کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہیں۔آج شہباز شریف بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے تھے ، شہباز شریف ضمیر کے قیدی بنے نظر آئے ۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ویڈیو سے ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی۔
آڈیو ٹیپ کو ٹمپر کرنے والے جعلساز ٹولے کا سرغنہ جیل میں ہے۔ ناصر بٹ ایک مشہور غنڈہ ،نامور قاتل اور گینگ کا سربراہ ہے جس کے ذریعے ٹیپ بنوائی گئی ۔ناصر بٹ پر قتل کے پانچ مقدمات ہیں اور وہ مریم نواز کا باڈی گارڈ رہ چکا ہے ۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس طرح میڈ یا پر عدالت لگانے کے بجائے ،یہ ثبوت عدالت میں لے کر جائیں ،آج قانون کی بات وہ کر رہے ہیں جنہوں نے عدالتوں پر حملے کرائے ،عمران خان نے کبھی عدالتوں پر حملے نہیں کرائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر نے اپنے مفاد کی خاطر انصاف دلانے والے اداروں پر انگلیاں اٹھا دیں ،کسی پر الزام تراشی سے پہلے اپنا چہرہ صاف ہونا ضروری ہے ۔














