ہمارا مقابلہ جمہوریت کےلبادے میں چھپےسلیکٹڈوزیراعظم سے

لوئر دیر (ویب ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عمران خان سن لو اٹھارویں ترمیم اور جمہوریت پر

سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔وزیر اعظم عمران خان انصاف کی بات کرتے تھے لیکن آج انتقام کی سیاست کررہے ہیں

لوئر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  پی پی چیئرمین نےکہا کہ آج بھی ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپے ہوئے سلیکٹڈ وزیر اعظم سے ہے، حضرت علی کا قول ہے کہ انسان کا اصل چہرہ دیکھنا ہوتو اس کودو چیزیں دیدو طاقت اور دولت اس سے اس کا اصل چہرہ سامنے آجائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے وزیر اعظم عمران خان انصاف ، میڈیا کی آزادی اور عدلیہ کی آزادی کی بات کرتے تھے لیکن آج عدلیہ پر حملہ آور ہو کر میڈیا کا گلا گھونٹا جارہاہے،مہنگائی کرکے غریب کا جینا دوبھر کردیا گیاہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان حالات کواس نہج پر لے آئے ہیں کہ لوگ اس کے اقتدار کے پہلے ہی سال ان کے جانے کی دعا کررہے ہیں اور سڑکوں پرنکل رہے ہیں عمران خان کو سلیکٹ کرنے والے بھی پریشان ہیں کہ ہم نے کس نالائق کوسلیکٹ کر لیاہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے تو ایک سال میں تین بجٹ لیکر آئی پھر اس عوام دشمن نے اس ملک کے ساتھ کیا کیا؟ بجلی ، دالیں ،پٹرول ، دوائیاں ، جینا اور مرنا مہنگا کردیاہے۔

انہوں نےکہا کہ وفاق کی نالائقی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں پنجاب ، سندھ اور کے پی کے کوحصہ سے کم پیسہ دیا جارہاہے،کے پی کوچالیس ارب روپیہ کم دیا جارہاہے،زراء سوچیے کہ چالیس ارب سے ہم کیا کچھ کرسکتے تھے ؟ کتنے نئے اسپتال اور کتنے نئے سکول بناسکتے تھے ؟ یہ عوام کا پیسہ ہے یہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ ہے جو آپ کی خدمت پر خرچ ہونا چاہئے یہ اسلام آباد کی کٹھ پتلی کا حق نہیں ہے کہ وہ فیصلہ کرے۔

بلاول بھٹو نےکہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے تھے کہ جب میں وزیر اعظم بنوں گا تو سب ٹھیک ہوجائے گا لو گ مجھ ایماندار کو اتنا پیسہ دیں گے کہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی لیکن اس وقت اتنا کم ٹیکس اکٹھاہواہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا اور اب اس کمی کوپورا کرنے کیلئے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جارہاہے یہ ایوارڈ پر ڈاکہ ڈال کر صوبوں کاحق چھیننا چاہتے ہیں،

انہوں نے کہا کہ عمران خان سن لیں کہ شہیدوں کے خون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا میری پارٹی اور خاندان کوجیل بھیج دو لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ، عوام کے دلوں میں وہی زندہ رہ سکتاہے جس نے عوام کومانا ہو، ضیاء الحق اور مشرف کا آج کوئی نام لینے والانہیں ہے۔