مریم کونوٹس سےجج پردباؤاورویڈیو کی تصدیق ہوگئی

لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کو نیب کے نوٹس

اور احتساب عدالت طلبی سے جج ارشد ملک پردباؤاور ویڈیو کی تصدیق ہوگئی۔

اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جج صاحب کی ویڈیو کا فرانزک کروالیا جس میں اس کے اصلی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، اس لئے انہوں نے مریم نواز کو نوٹس بھیجا ہے۔عمران خان پتا تو کر لیتے اس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ مریم نواز کی سزا کو معطل کر چکا ہے، مگر آپ کو خوف ہی اتنا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کا نوٹس مریم نواز کو اِس لئےملا ہے کیونکہ عمران خان مریم نواز سے ڈرتے ہیں۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ مریم نواز کو نوٹس بھیج کر جج ارشد ملک کی ویڈیو اور ان پر عمران خان کے دباو کی تصدیق ہوگئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے سزا معطلی فیصلے کی موجودگی میں نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کےدباؤمیں آکر نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی توہین کی ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عدالت میں جرح کے دوران کیلیبری فونٹ ماہر تسلیم کرچکے ہیں کہ اس وقت یہ فونٹ دستیاب تھا اور وہ خود بھی استعمال کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے مریم نواز کے خلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کے لیے درخواست دی ہے جس کے مطابق مریم نواز کی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی ثابت ہوئی ہے، اس پر احتساب عدالت نے 19 جولائی کو مریم نواز کو طلب کیا ہے۔