نجی چینل کااینکرمریدعباس ساتھی سمیت قتل

کراچی(رنگ نوڈاٹ کام ) کراچی کےعلاقے ڈیفنس میں نجی ٹی چینل کےنیوزاینکر اوراس کے ساتھی کوفائرنگ کرکے

قتل کردیا گیا۔ جبکہ فائرنگ کرنے والےعاطف زمان نے واردات کے بعد اقدام خودکشی کیا ہے۔

مرید عباس نجی ٹی وی چینل میں نیوز ایینکرتھے، مرید عباس اور خضر ملزم عاطف زمان کے ٹائر کے کاروبار میں شراکت دار تھے اور عاطف عباس نے انہیں رات 8بجےکے قریب 50لاکھ روپے کی رقم دینے کیلئے اپنے دفتر بلایا تھا تاہم جب مرید عباس اپنے ساتھی خضرکے ہمراہ وہاں پہنچا تو ملزم نے فائر نگ کردی۔

پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر مرید عباس اورخضر کی لاش تحویل میں لے کرجناح اسپتال منتقل کی۔ملزم عاطف واردات کے بعد سفید کی کارمیں موقع سے فرار ہوگیا تاہم بعد ازاں گھر پہنچ کر اقدام خودکشی کیا،جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی اورلین دین کے تنازع کی وجہ سے پیش آیا۔ مرید عباس کی لاش جناح اسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق  جب وہ  ملزم کے گھر پہنچی تو اس نے خود کو گولی مارلی۔

ادھر مرید عباس کی اہلیہ زاراکا کہنا ہے کہ مرید عباس کا ملزم عاطف سے رمضان سے لین دین کا تنازع چل رہا تھا ،مرید عباس وخضر نے عاطف سے 50لاکھ روپے لینے تھے۔ملزم نے دونوں کو رات 8 بجے فون کرکے بلایا تھا کہ رقم لے جاؤ لیکن اس نے فائرنگ کرکے مارڈالا ۔

ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جو دورہ ایران پرہیں نے فون کرکے چیف سیکریٹری سندھ کو کراچی میں امن وامان کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے،ادھر  آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیکر ڈی آئی جی ساؤتھ سے فی الفور رپورٹ طلب کرلی یے۔

دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور ،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہےاورمتاثرہ خاندانوں سے ہمدری اورتعزیت کااظہار کیا ہے۔

 کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) پی ایف یو جے اور دیگر صحافتی تنظیموں نےواقعہ می شدید مذمت کی ہے۔