
کراچی (رنگ نوڈا ٹ کام )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہماری اولین
ترجیح ہے ۔حکومت بزنس کمیونٹی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے ۔اب ملک کی معیشت پرانے طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جاسکتی ہے ۔
۔گورنر ہاؤس سندھ میں وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت ،کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آٹو موٹیو پارٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری ملک کی ترقی کیلئےحکومت کے ساتھ مل کر کام کرے۔
۔ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر بحری امور علی زیدی، وفاقی وزیر حماد اظہر، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ سید زبیر حیدر گیلانی اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر بھی موجودتھے۔
ایف پی سی سی آئی کے وفد میں ایس ایم منیر، دارو خان اچکزئی، مرزا اختیار بیگ، غضنفر بلور، زبیر طفیل، طارق حلیم، خالد تواب اور سید مظہرعلی ناصر ،کے سی سی آئی کے وفد میں سراج قاسم تیلی، جنید اسماعیل ماکڈا، خرم شہزاد، زبیر موتی والا، ہارون فاروقی، انجم نثار، ہارون اگر، شمیم احمد فرپو،علی جی جی اور آٹوموٹیوسیکٹرکے وفد میں ٹویوٹا انڈس موٹرز، پاک سوزوکی موٹرز، ہینو پاک موٹرز، اسوزو موٹرز، ماسٹر موٹرز، اٹلس ہونڈا موٹرز اور فا موٹرز کے نمائندے شامل تھے۔
ملاقات میں وفود نے ٹیکس نظام میں اصلاحات، مہنگائی پرکنٹرول، اسمگلنگ کی روک تھام، کاروبارمیں آسانی، سرمایہ کاری میں فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانےاور محصولات میں اضافہ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے کراچی آنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کروں ۔ میری پوری معاشی ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرنا چاہتی ہے۔ اب پاکستان کی معیشت پرانے طریقہ کار کے تحت نہیں چلائی جاسکتی۔ ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے۔














