ملک پربدترین معاشی بدحالی مسلط ہے، سینیٹر سراج الحق

لاہور (ویب ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک پر

بدترین معاشی بدحالی مسلط کردی ہے۔ ایک بار پھر چھانگا مانگا کی سیاست دہرائی جارہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نےضلع دیرکےعلاقےمیدان میں معززین شہراور جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہردن پاکستان کے عوام کے لیے معاشی بربادی کا نیا پیغام لا رہاہے ۔ حکومت کے اقدامات نے عوام اور تاجروں کو احتجاج پر مجبور کردیاہے ۔ اسلامی انقلاب کے علاوہ تبدیلی کا کوئی راستہ نہیں ۔ عوام اور کارکنان ملک میں اسلامی انقلاب کی تیاری کریں ۔

 

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کے خلاف دن بدن عوام کے غم و غصہ میں اضافہ ہورہاہے ۔ لوگوں کے لیے موجودہ مہنگائی میں ایک دن گزارنا مشکل ہو چکا ہے ۔عام آدمی فاقوں پر مجبور ہے جبکہ حکومت کے معاشی ترجمان مزید مہنگائی کی نوید سنا رہے ہیں ۔ 

سراج الحق نے کہا کہ کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیاہے، ان حالات میں عوام احتجاج نہیں کریں گے تو کیا حکومت کو دعائیں دیں گے ؟۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کےگورنر نے شرح سود میں اضافہ کرنے کا اعلان کر کے ﷲ اور رسول کے ساتھ جنگ کو جاری رکھنے اور معیشت کو مزید تباہی سے دوچار کرنے کے’’ عزم ‘‘کا اعادہ کیاہے ۔حکومت کی معاشی پالیسیوں کی ناکامی نے سرمایہ کاروں کو کھربوں کا نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے اب لوگ کاروبار میں پیسہ لگاتے ہوئے ڈرتے ہیں جس سے بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔

 انہوں نے کہاکہ اگر یہی صورتحال رہی تو ملک میں بڑے پیمانے پر کساد بازاری کا خطرہ پیدا ہو جائے گا ،لوگ تیزی سے غذائی قلت کا شکار ہورہے ہیں، اگر ایک بار ملک کساد بازاری کی دلدل میں پھنس گیا تو سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔