
کراچی(رنگ نوڈاٹ کام )وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے
پاکستان کے بیانیے کی حمایت کی ہے۔ کچھ سیاسی نابالغ ملک کے مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
کراچی پریس کلب میں گفتگو صحافیوں وایڈیٹرز سے فردوس عاشق نے کہا کہ 25 جولائی کو اپوزیشن یوم احتجاج اور حکومت یوم احتساب منائے گی۔عمران خان پاکستان کا مقدمہ لڑنے امریکا گئے ہیں ،آج صدر ٹرمپ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کے پاکستانی اقدامات کو قبولیت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی دولت کو بچانے کے لئے ہاتھ پیر مارنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ۔ایک سوال کےجواب میں کہا کہ اخباری صنعت میں ویکیوم کلینر چلانے کی ضرورت ہے ،ماضی میں اچھا سا قالین بچھاکر معاملے کو دبادیا گیا اور صرف پانچ سال پورے کیے گئے۔ آئینی تقاضوں کو پورے کرنے اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے،
فردوس عاشق اعوان کہا کہ ایڈیٹرز ہماری طاقت ہیں ، سی پی این ای کے مطالبات کے لیے وزارت سے دو نمائندے مقرر کیے جائیں گے ، ہمیں پکی پکائی کھیر کھانے کی عادت ترک کرنا ہوگی ،قوانین پر عمل اور انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں صحافیوں کے جائز حق کی بات آئے گی میں وہاں کھڑی رہوں گی ، بیانیہ حقائق سے متصادم نہیں ہونا چاہیے ،آپ کا بیانیہ حقیقت سے قریب ہوگا تو میں وکالت کے لیے تیارہوں۔














