
کوئٹہ (ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو
آئین کی پاسدار ی کے وعدے کی سزا دی جارہی ہے۔ وفاداریاں تبدیل نہ کرنےوالوں کو منشیات یا نیب کے کیسز میں پھنسا کر قید کیا جارہا ہے ،نالائق، نااہل ، سلیکٹڈ عمران خان نے پاکستا ن کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوا دیاہے
کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں آل پارٹیز کے زیر اہتمام عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ان کاکہنا تھا کہ عمران خان ادارے کے سربراہ کے ہمراہ امریکا گیا کیونکہ انہیں معلوم ہے انکی بات کوئی نہیں سنے گا، ووٹ کو عزت نہ ملنے کی وجہ سے ملک آج سنگین مشکلات سے دوچار ہے ۔
جلسے سے پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چےئر مین محمودخان اچکزئی ،نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین ، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع ، پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ، جمعیت الحدیث کے عصمت اﷲ سالم نے بھی خطاب کیا۔
مریم نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بلوچستان سے محبت کرتے ہیں جب محمود خان اچکزئی نے جلسے میں شرکت کی دعوت دی تو میں لاہور میں یوم سیا ہ کی ریلی چھوڑ کریہاں آئی ،بلوچستان نے اپنے دل چاغی پر ایٹم دھماکہ کرکے پورے ملک میں نعرہ تکبیر کا نعرہ لگایا تھا
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2دسمبر2017ء کوپاکستان کے آئین کی پاسداری کا وعدہ کیا تھا اس وعدے کی پاداش میں انہیں آج جیل جانا پڑاہم یوم سیاہ اس لئے منارہے ہیں کیونکہ ووٹ کو پاؤں تلے روندا گیا بلوچستان میں 10دن میں ’’باپ‘‘ بناکر 500ووٹ لینے والے کو وزیراعلیٰ بنادیا گیاانتخابات میں بھی حقیقی نمائندوں کو چن چن کر دیوار سے لگایا گیااور وفاداریاں تبدیل کی گئیں جنہوں نے غیرت کا مظاہرہ کیا اور پارٹی نہیں چھوڑی انہیں آج 1970ء کے مقدمات یا منشیات کے کیس ڈال کر جیلوں میں بند کیا جارہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آج ہم یوم سیاہ اس لئے منارہے ہیں کیونکہ نالائق سلیکٹڈ اعظم کو عوام کے سروں پر مسلط کیا گیاآج ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری ہے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں دوائی خریدنے کے پیسے نہیں ہیں ملک کی ترقی رک چکی ہے لیکن نالائق اعظم کو صرف اس بات کی فکر ہے کہ وہ کس طرح تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے 70سالہ نواز شریف کو جیل میں بند رکھے اسکا اے سی بند کرے اسکا گھر کاکھانا بند کردے مریم نواز کے انٹرویو پرپابندی لگائے میڈیا پر سنسر شپ کرے تاکہ اسکی نالائقی اورنا اہلی قوم کے سامنے نہ آسکے۔














