
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے اپوزیشن کی کسی
ریلی یا جلسے کو نہیں روکا جائے گا،عوام خود دیکھ لیں گے کہ ان کے شو کس طرح فلاپ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کے جلسے جلوسوں کا نہ روکنے کا حکم دیا ہے،ہم چاہتے ہیں یہ انتشار کی سیاست سے باہر آئیں، اپوزیشن کا کل کا شو ناکام ہو گیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہم اور کامیاب رہا ، اپوزیشن کو وزیراعظم کی عالمی سطح پر پذیرائی ہضم نہیں ہورہی، گزشتہ روز 25 جولائی 2018 کو مسترد ہونے والوں نے یوم سیاہ منایا، ہم نے 25 جولائی کو اپنے ووٹ کی سیاہی ان کے منہ پر ملی تھی یہ اس کا سوگ مناتے رہے، ایک ٹولا احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے میں مصروف تھا، اگلی بار اپوزیشن اپنی ناکامی پر یوم سیاہ منائے گی۔














