
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے شہباز شریف کو پھر برطانیہ میں دعوی کرنے کا چیلنج دیدیا ہے کہ یقین ہے شہباز شریف میرے خلاف عدالت سے رجوع نہیں کریں گے،لگتا ہے دعوے سے ڈر گئے ہیں ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی جانب سے ڈیلی میل کے خلاف مقدمے کا نام نہاد دعوی کیا گیا جبکہ انہوں اخبار کو شکایت کی ہے کہ 14جولائی کو ڈیلی میل نے خبر شائع کی جس کا بنیادی مضمون یہ تھا کہ اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوئی جس میں برطانیہ کی سرزمین بھی استعمال ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کرپشن میں شہباز شریف کے داماد کو ایرا کی فنڈنگ کے منصوبے سے براہ راست ادائیگیاں بھی کی گئیں۔ خبر شائع ہونے کے بعد شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے پریس کانفرنسز کیں اور قوم سے وعدہ کیا کہ وہ لندن کی عدالتوں میں ڈیلی میل، وزیراعظم عمران خان اور میرے خلاف لندن کی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ اس کے بعد لاہور میں ڈیڑھ گھنٹہ طویل پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ ڈیلی میل کی خبر غلط ہے، زلزلہ 2005میں آیا تھا، اس وقت میں جلا وطن تھا وہ پیسے کیسے چوری کرتا لہذا میں اس خبر کے خلاف برطانیہ کی عدالت میں جارہا ہوں اور شہزاد اکبر پر بھی مقدمہ کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کے ایک گھنٹے بعد میں نے شہباز شریف سے وعدہ لیا تھا کہ انہوں نے مجھ پر ضرور مقدمہ کرنا ہے اور میں تمام ثبوت عدالت میں پیش کروں گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ 25جولائی کو شہباز شریف نے برطانیہ کی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کا دعوی کیا جبکہ لا فرم کی پریس ریلیز میں لکھا ہے کہ پاکستان کے اپوزیشن لیڈر نے سیاست زدہ کیس سے متعلق باضابطہ شکایت کردی۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ برطانوی اخبار کو 4 صفحات پر مشتمل کی گئی شکایت میں شہباز شریف نے کہا کہ موقف دینے کا موقع نہیں دیا، رپورٹنگ عوام کے مفاد میں نہیں تھی۔معاون خصوصی نے کہا کہ ان 4 صفحات پر مشتمل شکایت میں شہباز شریف نے خبر میں عائد ایک بھی الزام کو رد نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تو چیلنج دے چکا تھا کہ مجھے عدالت میں لے کر چلیں تمام ثبوت پیش کریں، شاید وہ اس دعوے سے ڈر گئے ہیں۔














