عالمگیر خان کے پرامن احتجاج پر پولیس تشدد کی مذمت

کراچی(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و قائد حزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ بانی فکس اٹ و رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی عالمگیر خان کے پرامن احتجاج پر پولیس کے تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
پارٹی سیکریٹریٹ ''انصاف ہاوس'' میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ  پیپلز پارٹی نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کو الگ رنگ دے دیا۔ آج کا واقعہ پیپلز پارٹی کی منشا کے مطابق اور پولیس کی سرپرستی میں پیش آیا۔ میں عالمگیر خان اور فکس اٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ شہر کے بڑھتے ہوئے مسائل پر توجہ مبذول کروائی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، رکن سندھ اسمبلی علی عزیز اور پی ٹی آئی عادل انصاری بھی موجود تھے۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا  آج عالمگیر خان نے جمہوریت کے علمبرداروں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ اگر پیپلز پارٹی کے کارکنان جمہوریت پر یقین رکھتے تو منہ پر ڈھاٹے باندھ کر سامنے نہ آتے۔ فکس اٹ کے کارکنان پرامن تھے اور احتجاج بھی شروع نہیں ہوا تھا۔ 
فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ جو رویہ پولیس کا آج تھا اگر یہ جاری رہا تو ایڈیشنل آئی جی کے دفتر کے باہر بھی احتجاج کرینگے۔ جب سے بانی فکس اٹ عالمگیر خان نے سابق وِزیر اعلی کی تصویر گٹر کے ڈھکن کی جگہ بنائی تو جب سے حکومت سندھ انکے پیچھے پڑ گئی ہے۔
 فردوس شمیم نقوی نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی جھوٹ پر ہے۔ انکا ہر رکن اسمبلی قوم سے جھوٹ بولتا ہے، انکی نااہلی کی وجہ سے شہر کا حال برا ہوگیا یے۔ بارش قریب ہے اور اب نالوں کی صفائی کررہے ہیں،
انہوں نے کہا کہ وِزیر اعلی سندھ اپنی انجینیئرنگ کے علاوہ چوتھی کلاس کی معاشرتی علوم بھی بھول گئے ہیں۔ وزیراعلی نالائق اعلی ہیں، اگر عوامی نمائندے انکی چوریاں دکھائیں تو انکی جان نکلتی ہے۔ وزیر بلدیات کا کام ہے کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ بند کرے۔ شہر کے امن پر سوال آیا تو پی ٹی آئی پیچھے ہٹ جائے گی تاہم پیپلز پارٹی کو انکا اصلی چہرہ دکھایا جائے گا۔