پولیو کیسزمیں اضافے پرتشویش، موثراقدامات کی ہدایت

اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے پولیو کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ

وفاقی اور صوبائی ادارے آگہی کیلئے موثر اقدامات کریں ،پولیو ویکسین پلانے کی مہم موثر انداز میں جاری رکھی جائے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پولیوکیسزکا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا،جس میں معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا، وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ ،بین الاقوامی پارٹنر اداروں (بل اینڈ میلنڈا گیٹس، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسیف، ای او سی) کے نمائندگان ،پاک فوج کے انجینئر ان چیف ،کینیڈا کے ہائی کمشنر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر عطا نے ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا، وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے متعلقہ صوبوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

 اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ وزیراعظم کے فوکل پرسن انسداد پولیو نے بریفنگ دی ،اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا،2017-18 میں بنائی حکمت عملی کی خرابیوں کی نشاندہی کی گئی ۔ بتایاگیاکہ ملک کے دیگر حصوں خصوصاً بنوں میں پولیو کیسز سامنے آئے،پولیو کے سامنے آنے والے کیسز گزشتہ سال کی ناقص حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

فوکل پرسن برائے انسداد پولیو نے 4 نکاتی نئی حکمت عملی سے شرکاء کا آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ انسداد پولیومہم میں آگہی کیلئے میڈیا ، سوشل میڈیا کو شامل کیا جائےگا۔

کے پی ،بلوچستان کے وزرائے اعلی اورپنجاب اور سندھ کے چیف سیکرٹریزنے صوبوں میں انسداد پولیو کے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔وزیراعظم عمران خان نے بتایاکہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے ۔

وزیراعظم نے پولیو کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور صوبائی ادارے آگہی کیلئے موثر اقدامات کریں ۔

 وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پولیو ویکسین پلانے کی مہم موثر انداز میں جاری رکھی جائے ۔اجلاس میں پاک فوج کے نمائندے کی جانب سے دور درازعلاقوں میں پولیوٹیموں کوسیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی جبکہ عالمی اداروں کے نمائندوں کے جانب سے پولیومہم کامیاب بنانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔۔