حکومت قومی یکجہتی پارہ پارہ کررہی ہے،سراج الحق

لاہور(رنگ نوڈاٹ کام)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کشمیر کی تحریک آزادی ابھی یا کبھی نہیں کے مرحلے میں

داخل ہوگئی لیکن حکمران جہاد سے منہ موڑ رہے ہیں،نہتے مگر ایمان کی قوت سے مالا مال افغانوں نے تین عالمی طاقتوں کو شکست دی مگر ایٹمی پاکستان کے حکمران ماؤں بہنوں بیٹیوں کی چیخ و پکار پر بھی اٹھنے کو تیار نہیں ۔جماعت اسلامی کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 25اگست کو پشاور اور یکم ستمبر کو کراچی میں کشمیر بچائو مارچ کرے گی۔
جامع مسجد منصورہ لاہور میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی طرف اور پاکستانی حکمران امریکا کی طرف دیکھ رہے ہیں،حکومت قوم کو کشمیر پر متحد کرنے کی بجائے قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کررہی ہے،مصیبت کے دنوں میں تو جنگل کے جانور بھی آپس میں نہیں لڑتے،ایک طرف ہمارے گھر میں آگ لگی ہے ،ہمارے بچوں کو ذبح کیا اور ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں سے کھیلا جارہا ہے جبکہ حکمران ایئر کنڈیشنڈ ہالوں میں بیٹھ کر بیانات جاری کررہے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر یوں کا قتل عام کررہا ہے ،کرفیو کو اس لئے لمبا کیا جارہا ہے کہ لوگوں کے گھروں سے کھانے پینے کی اشیا ختم ہوجائیں ، وہ بھوک اور پیاس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جائیں، حکومت معمول کی سرگرمیاں چھوڑ کر محبوس کشمیریوں کی عملی مدد کیلئے آگے بڑھے،حکومت نے ایل او سی پر لگی باڑ کونہ گرایا تو دونوں طرف کے کشمیری خود اس دیوار برلن کو گرادیں گے۔