
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ
پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں،پاکستان کا بچہ بچہ نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے،متعصب بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر تلی ہوئی ہے،اقوام متحدہ، عالمی برادری مقبوضہ وادی کے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعے کو اسلام آباد میں صحافی تنظیموں کی ریلی سے خطاب اور راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہم قانونی، سیاسی اور سفارتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، مودی جان لے کہ فتح ہمیشہ حق سچ کی ہوتی ہےتمہار ے جھوٹے بیانیے کی ایک نہیں چلنے دینگے، مودی حکومت انتہاپسند ہندوتنظیم کے نازی نظریئے پر عمل پیرا ہے،کشمیر ریلی سے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم مزید بے نقاب ہونگے، پاکستان مظلوم کشمیریوں کی موثر آواز بن کر عالمی سطح پر ہر فورم پر جانے کیلئے پرعزم ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا، شہریوں کو خوراک وادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے،کشمیر کاز کیلئے ہم سب کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔














