گاربیج ڈائریکٹر مصطفیٰ کمال کی معطلی عدالت میں چیلنج

کراچی (ویب ڈیسک) پروجیکٹ ڈائریکٹرگاربیج سید مصطفی کمال کی معطلی کو سندھ ہائیکورٹ میں چلینج کردیاگیا ۔

بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کی ابتر صورتحال پر مئیر کراچی کے معطلی کے نوٹیفکیشن کےخلاف درخواست محمد اقبال کاظمی ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں مئیر کراچی، مصطفی کمال اور سیکریٹری بلدیات کو فریق بنایا گیا ہے۔

اقبال کاظمی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہر میں بارشوں کے باعث ابتر صورتحال پیدا ہوئی اور شہر پانی میں ڈوبا۔ مئیر کراچی اور محکمہ بلدیات کی نااہلی کے باعث شہر کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے مئیر کراچی وسیم اختر اور محکمہ بلدیات اپنی ذمہ داریاں نبھانے کو تیار نہیں۔ مصطفی کمال نے شہر کو کچرے سے پاک کے لیے 90 روزہ چیلنج قبول کیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر تعیناتی کے اگلے روز ہی نوٹیفیکیشن معطل کر دیا گیا۔ 

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مئیرکراچی کو اگر مصطفی کمال سے شکایت کی تھی ضابطے کے تحت پہلے شوکاز نوٹس دیا جاتا۔ شو کاز نوٹس کے بغیر معطلی کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔ مئیر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے۔