
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) ملک بھر میں آج جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر کےطور پرمنایا جائےگا۔ وزیراعظم عمران خان
شاہراہ دستور پر’’ کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘کے نعروں کی گونج میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دن بارہ بجے سائرن بجائے جائیں گے۔ سگنل آدھے گھنٹے تک ٹریفک رکی رہے گی۔ مظاہروں میں قومی ترانہ پڑھا جائے گا۔ قومی ترانہ کے بعد کشمیر کا ترانہ پڑھا جائے گا۔
اسلام آباد کے ڈی چوک میں دن بارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے شاہراہ دستور پر واقع دفاتر کے ملازمین جمع ہوں گے۔ انتظامیہ نے اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ٹریفک پولیس کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اشاروں، چوکوں اور شاہراہوں پر کشمیریوں سے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
ڈی چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مقامی عمائدین بھی جمع ہونگے۔ پوری قوم آج کشمیر و پاکستان کے لازم و ملزوم ہونے کےعزم کا اعادہ کرےگی














