
لاہور( ویب ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے
کہ 27 دن سے کشمیریوں پر مظالم پر عالمی برادری کی بے عملی افسوسناک اور تشویشناک ہے،انصاف کا متعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔ عالمی برادری نے کشمیریوں کی نسل کشی نہ رکوائی تو وہ اپنے دفاع میں اسلحہ اٹھانے میں حق بجانب ہوں گے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کی خاموشی کشمیری نوجوانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے؟ نسل کشی کے خطرے سے دوچار قوم اپنی بقااور دفاع کے لئے ہر حد تک جانے کا جواز رکھتی ہے، آج عالمی برادری اپنے وعدوں کا پاس نہیں کرے گی تو کل اسے کسی کو لیکچر دینے کا حق بھی نہیں ہو گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل کا ساتھی سمجھیں گے، پاکستانی اور کشمیری اپنے بھائیوں، بہنوں پر بدترین مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے، مغرب کو مشرقی تیمور اور ساتھ سوڈان کی فکر تھی تو پاکستانیوں کو کشمیریوں کی فکر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان کا مزید کہنا تھا کہ مغرب کو مسیحی آبادی اور دیگر اقوام کے حقوق میں دلچسپی ہے تو پاکستان کو بھی کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق سے دلچسپی ہے، مودی کا ظلم عالمی برادری اور مہذب دنیا کا امتحان ہے، عالمی برادری دوراہے پر کھڑی ہے، مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے۔














