
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداﷲ بن زید بن سلطان نے ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات وزیراعظم ہاوس میں ہوئی ،ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے سمیت مسئلہ کشمیر کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کیساتھ ملاقات میں خطے میں سکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور یو این قراردادوں کے منافی ہیں۔
شاہ محمود نے پاکستان کے اہم دورے پر آئے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے، خوراک اور ادویات میسر نہیں، بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ اس نے یکطرفہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی خصوص حیثیت تبدیل کی۔
۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداﷲ بن زائد بن سلطان سے ملاقات کے بعد شاہ محموقریشی نے ذرائع ابلاغ کو اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو پاکستان غیر قانونی سمجھتا ہے پاکستان کا دوٹوک موقف ہے کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے بھی منافی ہیں اور یو این چارٹر سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔
پاکستان نے اپنا موقف بڑاواضح طورپر پیش کیا۔ سعودی عرب اورعرب امارات کے وزراء خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات میں بھی موجود تھا اور بڑے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ جو وسوسہ اور ابہام تھا کہ سعودی عرب اور عرب امارات آج پاکستان کے ساتھ کھڑے دکھائی نہیں دے رہے آج وہ ابہام دور ہوگیا ہے ۔ میں ذہنی طورپر بالکل کلیئر ہوں کہ کوئی ابہام نہیں ہے انشاء اﷲ ، ماضی کی طرح وہ ہمیں مایوس نہیں کریں
قبل ازیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اہم ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نور خان ایئربیس پر دونوں معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا۔۔














