کشمیرکی آزادی کیلئےامریکی مدد حکمرانوں کی خوش فہمی

لاہور(ویب ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےکہاہے کہ

حکمران بے بسی سے امریکا و برطانیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔حکومت خوش فہمی کا شکار ہے کہ کشمیرکی آزادی کیلئےامریکا ہماری مدد کرے گا۔

جماعت اسلامی حلقہ خواتین لاہورکے تحت مقامی ہوٹل میں حجاب کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئےسینیٹرسراج الحق نےکہا کہ ٹرمپ مسئلہ کشمیرکو عالمی مسئلہ تسلیم کرنے کیلئےبھی تیارنہیں ۔حکمران جن کوثالث سمجھ رہے ہیں،وہ کشمیر کو ٹکڑوں میں بانٹنےکی تیاری کررہےہیں ۔ان کافیصلہ یہ ہوگا کہ جس حصے پربھارت کاقبضہ ہے، وہ بھارت کااورجس پر پاکستان کا قبضہ ہے وہ پاکستان کاحصہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی قیمت پرٹرمپ کی ثالثی قبول کریں گے نہ کشمیر کو ٹکڑوں میں بٹنے دیں گے ۔ کشمیر پاکستان کی نظریاتی ، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے۔ہماراایک ہی مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے ۔
سراج الحق نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ افواج پاکستان اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے آزادی ٔ کشمیر کےلئے آگے بڑھیں ۔ پوری قوم ان کی پشت پر ہوگی ۔تباہ حال معیشت کی وجہ سے معاشی تباہی اور بربادی کی یہی رفتار رہی تو لوگ فاقوں مرنے لگیں گے۔
سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ اسمبلیوں میں موجو د جماعتیں اپنے لیڈروں کی رہائی کےلئے تو احتجاج کرتی ہیں مگر کشمیرکی آزادی کےلئے باہر نکلنے کو تیار نہیں ۔ یہ جماعتیں کشمیر کو اپنا مسئلہ سمجھتیں تو لاہور اور کراچی میں لاکھوں لوگوں کو جمع کر سکتی تھیں مگر آج ڈیڑھ ماہ ہونے کو ہے ، کشمیر میں قیامت برپا ہے ،گھروں میں محصور لوگ بھوک پیاس اور ادویات نہ ملنے کی وجہ سے دم توڑ رہے ہیں اور انہیں گھروں میں ہی دفن کیا جارہاہے ۔ نوجوانو ں کو اٹھا کر غائب کیا جارہاہے ۔ بیٹیوں کو اغوا کر کے بے حرمتی کی جارہی ہے، حکمران اورسیاسی جماعتیں بیانات تک محدود ہیں

سراج الحق نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کا مسئلہ ہے اور کشمیر کا مقدمہ پاکستانی قوم کو لڑناہے ۔ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد ہے۔حجاب کانفرنس سے حمیرا طارق ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔