
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں سرکاری زمینوں کے حوالے سے اعداد و شمار اکٹھا
کرنے، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے صوبوں کو ممکنہ اقدامات کرنے اوردودھ سمیت غذائی اشیا میں ملاوٹ کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کردیں۔
منگل کو وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ کابینہ نے اس امر پر نہایت تشویش کا اظہار کیا کہ بعض عناصر کی جانب سے آزادی اظہار کی آڑ میں حکومتی اعلیٰ شخصیات پر بغیر کسی ثبوت اور شواہد الزامات لگائے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم سمیت وزراء کی نجی زندگیوں کو بے بنیاد پراپیگنڈے کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ مثبت تنقید کسی بھی معاشرے کی بہتری اور خصوصاً حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لیکن بعض عناصر کی جانب سے آزادی اظہارکو ذاتی مقاصد کی تکمیل کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، حکومتی پالیسیوں کی کامیابیوں کے لئے عوام کا اعتماد نہایت ضروری ہے، اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے لئے بعض عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ میڈیا سے متعلق کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ ادارے مثلاً پیمرا وغیرہ بعض وجوہات کی بناء پر اپنا کردار موثر طریقے سے ادا نہیں کر پا رہے۔
.




































