
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج ایک ماہ جاری رہنے والی ’’کلین مائی کراچی‘‘ مہم کے
دوسرے دن کہا کہ مہم کے پہلے دن 7152 ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے جبکہ دوسرے دن بھی بھاری پتھر 24 انچ کی سیوریج لائن ملیر 15 سے نکالے گئے ہیں جوکہ کراچی کے نام نہاد اونر اور دوست کہلائے جانے والےنے اس مہم کو ناکام بنانے کے لیے ڈالے تھے۔
انہوں نے یہ بات کراچی شہر کے دورے کے موقع پر کہی ۔وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزراء سعید غنی ، ناصر شاہ ، مرتضیٰ وہاب ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ تھے
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے دورے کا آغاز لیاری، ڈسٹرکٹ ویسٹ سے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر، بھینس کالونی کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ جب لیاری پہنچے تو جاوید ناگوری اور چیئرمین ڈی ایم سی سائوتھ ایاز ملک نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے لیاقت کالونی ، نیاآباد کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ سندھ عوام سے ملے اور اُن کی شکایات سنیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو لیاری سے تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت دیں ۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کا کام روزانہ کی اسائنمنٹ کے طور پر کرنا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی سی آئی اے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی کا دفتر لیاری میں ہے لیکن اُن کو اپنے آفس کے باہر کچرا نظر نہیں آرہا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دفتر کے باہر صفائی کروائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر پولیس افسران کو اپنے دفتر سے خراب گاڑیاں فوری نکالنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لیاری کی جی ٹی ایس کابھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی ایم سی سائوتھ اور ڈی سی کو ہدایات دی تھیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے لکڑی گونڈل علاقے کا دورہ کیا۔لکڑی گونڈل ایریا میں عارضی جی ٹی ایس بنائی گئی ہے ۔ یہ مچھر کالونی کے پاس کے پی ٹی کی زمین میں ہے ۔ سندھ حکومت یہاں صفائی کر وا رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کو کہا کہ کے پی ٹی والوں کو کہیں کہ اپنے علاقے کو صاف کریں ۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹرک اسٹینڈ، ماڑی پور کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہاکس بے روڈ پر پرانی گاڑیاں پارک کرنے پر سخت برہم ہوئے ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی ویسٹ کو ہدایت دیتے ہوئےکہا کہ یہ گاڑیاں فوری روڈ سے ہٹائیں۔
مراد علی شاہ نے ڈی ایم سی ویسٹ پر روڈپرصفائی نہ ہونے پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایم سی ویسٹ کو ہدایت کی کہ آپ اپنےعلاقے کو بہتر کریں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماڑی پور ، مشرف کالونی موڑ اور عارضی جی ٹی ایس کا بھی دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی ملیر کو پُل کے ارد گرد تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پُل کے نیچے صفائی کا خیال رکھا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے بسوں کے اسٹاپ کو بھی ریگولیٹ کرنے کی ہدایت کی۔پارٹی اراکین نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بھینس کالونی ریلوے پھاٹک پر شاندار استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا جئے بھٹو ، جئے مراد علی شاہ کے نعروں سے استقبال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ گاڑی سے اُتر کر پارٹی ورکروں سے ملے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بھینس کالونی میں کچرے کی لفٹنگ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ لوگوں سے ملے اور انہیں یقین دلایا کہ صفائی کا کام زبردست طریقے سے ہوگا۔
سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج صفائی مہم کے دوسرا دن ہے۔میں اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائوں گا۔یہ کام لوکل گورنمنٹ کا ہے، کنٹونمنٹ کا ہے ، کے پی ٹی کا ہے لیکن الزام میرے اوپر ہے، اس وجہ سے میں نے اس کام کا بیڑا اٹھا یا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے 21 ستمبر سے ایک مہینے کی صفائی مہم شروع کی ہے آج دوسرا دن ہے، اتوار کا دن ہے اور میں صبح سے ہی نکل آیا ہوں اور میں میڈیا کے دوستوں کا شکرگزار ہوں جو ہمارے ساتھ ہیں ۔














