چین کے مالیاتی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے،وزیراعظم عمران خان

 بیجنگ (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور

سمیت خطے کے باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر پر اصولی مووقف اپنانے پر چین کے صدر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے موقف کا خصوصی ذ کر کیا۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل حالات میں چین نے ہر سطح پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے چین کے صدر کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے بارے میں بتایا اور کہا کہ پاکستان مشکل اقتصادی حالات سے نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم چین کے مالیاتی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین نے ہمارے قومی مفادات کی معاونت کرنے پر ہم سے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا اور پاکستان کی غیر مشروط معاونت کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ چین نے پاکستان کو مشکل اقتصادی صورتحال سے نکلنے کے لئے ایک موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) فریم ورک کے تحت چین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اورچین ہر طرح کے موسموں کے دوست اور تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ کو عوامی جمہوریہ چین کے70 ویں قومی دن پر مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے اپنے اور وفد کے پروقار استقبال پر صدر شی جن

 پنگ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات کے دوران چین کے صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران چین پاکستان باہمی تعلقات پر وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو سراہا۔

 قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر چین کے وزیر اعظم کو چین کے 70 ویںقومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری سے دونوں ممالک اور عوام کے بنیادی مفادات کی حفاظت اور خطے میں ترقی و استحکام اور امن و سلامتی کے فروغ میں مدد ملی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور علاقائی خوشحالی کی رفتار تیز کرنے کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم لی کو سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد اور گوادر میں ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چین کے وزیر اعظم نے بنیادی قومی مفاد کے پاکستان کے معاملات کے لئے چین کی حمایت کا اعادہ کیا

 وزیر اعظم عمران خان نے چین کے وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔