قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کی اجازت نہیں دیںگے:ایف بی آر

اسلام آباد (ویب ڈیسک )ین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین شبر زیدی نے کہاہے کہ ملک بھر اور

بلوچستان میں قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،تجارت ،درآمدات اور برآمدات سے وابستہ افراد ملک اور اس کے اکائیوں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،کسٹم ہو یا کوئی اور محکمہ کو کسی صورت بھی ایکسپورٹرز ،امپورٹرز اور تاجربرادری کے ساتھ زیادتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔
اسلام آباد میں بلوچستان کے چیمبرآف کامرس کے سینئر نائب صدر بدرالدین کاکڑ ،نائب صدر داﺅد خان خلجی ،سابق صدر جمعہ خان بادیزئی ودیگر کی قیادت میں 16رکنی وفدنے ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان کے وفد میں شامل امپورٹرز ،ایکسپورٹرز کلیئرنگ ایجنٹ ودیگر نے چیئرمین ایف بی آر کی توجہ کسٹم اتھارٹیز کی بلوچستان میں قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی اور غیر قانونی تجارت (اسمگلنگ )کی حوصلہ افزائی سے متعلق ناروا رویہ اور اقدامات کے متعلق تحریری شکایات انہیں پیش کیں۔
وفد نے بتایا کہ بلوچستان کی تاجر برادری امپورٹ ،ایکسپورٹ اور کلیئرنگ ایجنٹس نے بارہا تحفظات کااظہار کیا لیکن ان کے تحفظات دور ہونے کی بجائے قانونی تجارت کی راہ میں روڑے اٹکانے کا سلسلہ مزید تیز کردیاگیا ہے ۔اسی لئے صوبے بھر میں تاجر برادری ،امپورٹرز ،ایکسپورٹرز اور کلیئرنگ ایجنٹس احتجاج پرمجبور ہوئے ہیں ۔احتجاج کے باعث تین دنوں سے بلوچستان میں ٹیکسز کی مد میں ایف بی آر کو جمع ہونے والی ریونیو کی شرح صفر ہوچکی ہے ،
انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کی توجہ کسٹم اتھارٹیز اور ایف بی آر کی جانب سے قانونی تجارت کو مختلف حیلے بہانوں سے بند کرانے کی طرف مبذول کرائی اور کہاکہ چیف کلکٹر کسٹم اور دیگر من مانی کررہے ہیں
اس موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی کاکہناتھاکہ ملک بھر اور بلوچستان میں قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کی کسی کو اجازت نہیں جاسکتی ،قانونی تجارت کرنے والے امپورٹرز ،ایکسپورٹرز ملک اور اس کی اکائیوں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کسٹم ہو یا کوئی اور محکمہ کو کسی صورت بلوچستان کے امپورٹرز وایکسپورٹرز اور تاجر برادری سے زیادتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔