دھرنے کی سیاست کے پیچھے کچھ اور ہے،شاہ محمودقریشی

ملتان (ویب ڈیسک ) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ بلاول کس کے اشارے پر دھرنے کی حمایت کررہے ہیں۔

وہ تو کہتے تھے کہ ہم دھرنے کی سیاست کے مخالف ہیں اور ہم دھرنے کی سیاست کو جمہوریت کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔

شاہ رکن عالم کالونی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہاکہ دھرنے کی سیاست کے پیچھے کچھ اور ہے۔اس کے مقاصد کچھ اور ہیں۔ 27اکتوبروہ دن ہے جب بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیاتھا۔ اس دن دھرنے کااعلان افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ دھرنے کے مسئلے پر تو ابھی اپوزیشن میں بھی اتفاق رائے نہیں ہے۔مسلم لیگ کے صدرشہبازشریف ہیں۔ مسلم لیگ کے تمام اراکین اسمبلی نے شہبازشریف کے دستخطوں سے جاری ہونے والے ٹکٹوں پر الیکشن لڑے۔ شہبازشریف خود کہہ رہے ہیں کہ میری دانست میں دھرنا غلط ہے اور یہ نہیں ہونا چاہیے۔دھرنے کے بارے میں کیپٹن صفدر نے جوبیان دیا انہوںنے اس کابھی برا منایا ہے۔وہ اس معاملے میں نوازشریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن ابھی تک ان کی ملاقات نہیں ہوئی۔مسلم لیگ (ن)دھرنے کے معاملے پر متفق نہیں ہے۔پیپلزپارٹی میں بھی دوآراءہیں۔ بلاول خود کہہ چکے ہیں کہ وہ دھرنے کی سیاست کے مخالف ہیں۔

 شاہ محمودقریشی نے کہاکہ 27اکتوبر کو ہم ملک بھر کے ساتھ عالمی سطح پر بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کااظہارکریں گے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس روز پورے پاکستان میں ہر شہر ،ہرقصبے میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ہم پوری دنیا میں بھارت کااصل چہرہ بے نقاب کریں گے۔