
تھرپارکر(ویب دیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام کوٹ سے
اٹھنے والی یہ آواز اسلام آباد جائے گی۔ ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والے اور وزارتیں لینے والے دھرتی کے غدار ہیں،ہم نے ابھی کراچی سے آغاز کیا ہے، یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا۔
تھرپارکر میں اسلام کوٹ بائی پاس کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کے خلاف احتجاج کا یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، میں حکومت گرانے نکلا ہوں، ملک میں عوام کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا ہم نے ابھی کراچی سے آغاز کیا ہے، یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، پیپلز پارٹی کے جیالے جمہوریت کے خاطر شہید ہوئے، آج جمہوریت خطرے میں ہے، انسانی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، روزگار نہ دے کر، مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے سفید پوش طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔
بلاول نے کہا کہ صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، سندھ کا پانی بند کر کے صوبے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ارسا سے آپ کی نمائندگی کم کر رہے ہیں، یہ آپ کا پانی چوری کرنا چاہتے ہیں، ہمارے مقابلے میں کٹھ پتلی سیاست دان الیکشن لڑتے ہیں، وزارت لیتے ہیں اور آپ کے حقوق کا سودا کرتے ہیں۔
۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا ہمیں حکومت میں آنا پڑے گا، ہم عوام کی خدمت کرنا جانتے ہیں۔ وفاق سے حصہ چھین کر عوام کی خدمت کریں گے، میں آپ کابھائی ہوں، آپ کی خدمت کروں گا۔دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پنجاب بارڈر پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا اور کہا ہمارا اگلا احتجاج کندھ کوٹ میں ہوگا۔














