نوازشریف کی صحت سے متعلق عدالتی فیصلے پرعمل کرینگے

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق

اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قانون اور آئین کی بالادستی اور اداروں کی مضبوطی کا عزم دہرایا، ایمرجنسی اور زندگی کو لاحق خطرے کی تشخیص ماہرین صحت نے کرنی ہے، محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی ،حکومت اس پر من و عن عملدآرمد کرے گی ۔

 ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی کے ہمراہ پی آئی ڈی کے میڈیا سینٹر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ،کوئی بھی فیصلہ کسی شخصیت کی خواہشات کے تابع نہیں ہوگا، گزشتہ 72 سال کے دوران اداروں کو کمزور اور تابع رکھا گیا ۔نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 20ہزار تک آگئے ہیں، ہر آنے والے دن اس میں بہتری آئے گی، صحت مند نواز شریف ہی ہم سب کے لئے اہم ہیں، اب مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی بیماری کی آڑ میں حکومت پر تنقید کی بجائے کوئی اور ذریعہ تلاش کرے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان بیت المال دکھی انسانیت کو تحفظ دینے کا اہم ادارہ ہے،وزیراعظم نے بیت المال کا دائرہ احساس پروگرام تک وسیع کیا، وزیراعظم عوامی مفاد کے راستے میں رکاوٹیں دور کررہے ہیں،اصلاحات پروگرام کے تحت پاکستان بیت المال میں بھی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں جنگیں سرحدوں پر نہیں بلکہ معاشی میدان میں لڑی جارہی ہیں،ملکی ترقی کیلئے خواتین کو با اختیار بنانا نا گزیر ہے۔ نوازشریف سے متعلق عدالتوں میں درخواستیں آئی ہیں ،فیصلہ بھی عدالتیں کریں گی، پہلے بھی عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کیا ہے، اب بھی کریں گے۔